مسلم لیگ ن پنجاب کے ترجمان ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کا چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں۔
ماڈل ٹائون لاہور میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان اور علیمہ باجی کو حساب دینا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہوشربا مہنگائی کرکے عوام کا جینا دوبھر کردیا،ہم یہ عوام دشمن رویہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ اجلاس میں مہنگائی،بے روزگاری،موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دینے پر کمیٹیوں سے استعفوں کے آپشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایک دھکا دے تو حکومت گر جائے مگر شہباز شریف ملک میں انارکی نہیں پھیلانا چاہتے۔
ملک احمد خان نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیا ہوتی ہے،ن لیگ کے ارکان نے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے عہدوں اور چیئرمین شپ سے استعفے حمزہ شہباز کے حوالے کردئیے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی نظام کی مدت تک نظام کو نہیں چھیڑنے دیں گے،ایسا ہوا تو ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا، سڑکوں پر آنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں، موجودہ حکمرانوں نے 50لاکھ گھروں کے حوالے سے عوام سے جھوٹ بولا ہے۔