• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی گراؤنڈ پر نظر آئیگی،فردوس عاشق

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا عثمان بزدار پرا عتماد قائم ہے،عمران خان چٹان کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کے پیچھے کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی گراؤنڈ پر نظر آئے گی،ن لیگ کی اسمبلی میں نئے صوبوں کی قرارداد صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر بھی شریک تھے۔نوید قمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری کابینہ یوسف رضا گیلانی کی کابینہ سے نکلی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا عوام میں تاثر بہت منفی ہے، جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے تمام پارٹیاں کوشش کریں گی تب ہی کوئی نتیجہ نکلے گا، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبہ چاہتی ہے پنجاب میں دو صوبے ہونے چاہئیں۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ سال ختم ہونے کو ہے لیکن پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا صرف بیس فیصد خرچ ہوا ہے، پنجاب حکومت میں چار پانچ گروپ ہیں ان میں علیم خان کو پھٹے لگادیا ہے، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی پی ٹی آئی میں ایک پاور سینٹر کی طرف اشارہ کیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں نے اتفاق کیا تھا،نیشنل ایکشن پلان میں دہشتگردی کیلئے کوئی برداشت نہیں ہے،ن لیگ کے دور میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہوا کیونکہ اس کیلئے جرأت اور قیادت کی کمٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا عثمان بزدار پرا عتماد قائم ہے ، عمران خان چٹان کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کے پیچھے کھڑے ہیں، وزیراعظم کی ٹیم میں جو بھی کھیل رہا ہے مجھے اسے سپورٹ کرنا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی گراؤنڈ پر نظر آئے گی،میڈیا میں عثمان بزدار کا امیج صلاحیتوں سے عاری اور ڈیلیور کرنے میں ناکام شخص کا بنادیا گیا ہے، وزیراعظم کے کہنے پر پنجاب گئی کہ عثمان بزدار اپنی کارکردگی میڈیا سے شیئر نہیں کرپارہے یا میڈیا انہیں وقت نہیں دے رہا، پنجاب حکومت نے مختلف منصوبے شروع کیے لیکن عوام اور میڈیا کو اس کی بھنک نہیں پڑرہی،وہاں میکنزم اور اسٹرکچرل تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ کی اسمبلی میں نئے صوبوں کی قرارداد صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے ہے۔
تازہ ترین