بالی ووڈ اداکار اکشے کمارکو دیئے گئے انٹرویو کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کے مذاق پر ٹوئنکل کھنہ نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں اسے مثبت انداز میں دیکھتی ہوں، وزیراعظم ناصرف میرا وجود تسلیم کرتے ہیں بلکہ وہ میری تحریروں کو پڑھتے بھی ہیں‘‘
بھارتی وزیرعظم نریندر مودی نے اکشے کمار کو ’غیرسیاسی‘ انٹرویو کے دوران ایک سوال پر کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر اُنہیں اور ٹوئنکل کھنہ کو فالو کرتے ہیں، کیونکہ میرا یقین ہے کہ سوشل میڈیا دنیا بھر کے حالات جاننے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’’میں آپ کا بھی ٹوئٹر دیکھتا ہوں اور ٹوئنکل کھنہ جی کا بھی ٹوئٹر دیکھتا ہوں، کبھی کھبی تو مجھے ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنا غصہ مجھ پر نکالتی ہیں، اس کی وجہ سے آپ کی ذاتی زندگی تو بڑی پرسکون رہتی ہوگی‘‘
بھارتی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’’اُن کا سارا غصہ مجھ پر نکل جاتا ہے اور آپ آرام سے رہتے ہوں گے لہٰذا اس طرح میں آپ کے کام آیا ہوں، خاص کر ٹوئنکل جی کے لئے اور شاید ٹوئنکل جی کو پتہ نہ ہو‘‘
ٹوئنکل کھنہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’مسز فنی بونز‘ کے نام سے کافی سرگرم ہیں، جہاں وہ مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کرتی ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔