لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چوہدری نثار حلف نہیں اٹھائیں گے‘ عمران خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پیچھے کھڑے ہیں‘ جو شخص یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان بے خبر ہے اس سے بڑا بے خبر کوئی نہیں‘عمران خان کا پختہ عزم ہے کہ نواز ، شہباز اور آصف علی زرداری کو نہیں چھوڑنا ‘بلاول بھٹو میں ملک کی خوشبو ہے‘بلاول معصوم چیکو ہے جسے زرداری اپنی سیاست کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کی ڈیزائننگ اور فزیبلٹی پر دستخط ہونے جارہے ہیں ۔ خزانے کے حالات اچھے نہیں ہیں اس لئے اسے تین فیز میں مکمل کیا جائے گا ۔ جیسے ہی وزیر اعظم سے وقت ملے گا سر سید ایکسپریس کا راولپنڈی یا کراچی میں افتتاح کریں گے ۔اس میں کرائے کی تین کیٹگریز اکانومی ، اے سی اور اے سی سلیپرز ہوں گی اور اکانومی کلاس میں فوڈ بھی دیں گے ۔ریلو ے کے کال سنٹر اورکمانڈاینڈ کنٹرول سنٹر کو نجی شعبے کو دینے جارہے ہیں‘فریٹ میں ہم کچھ پیچھے ہیں لیکن جون تک اس کا بھی ہدف حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ شیخ حفیظ ملک کا اثاثہ ہے اور اسد عمر بھی قیمتی انسان ہے ‘میری خواہش ہے کہ وہ دوبارہ کابینہ کا حصہ بنیں ‘میرا پی ٹی آئی کی لوکل سیاست سے کوئی تعلق نہیں ،میں صرف عمران خان کا ترجمان ہوں ‘ میں عمران خان کا اتحادی ہوں اور سائے کی طرح ساتھ کھڑا ہوں‘عمران خان ملک کا وزیر اعظم ہے اور ہزاروں لوگ انہیں میسیجز کرتے ہیں ۔