کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک میں قومی کھیل ہاکی میںزبوں حالی پر ملک کے تین معروف کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ حکومت احتساب کے ساتھ اس کھیل میں بہتری پر بھی توجہ دے،قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حسن سردارنے کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے لہٰذاحکومت کو اس کی زبوں حالی پر توجہ دینی چاہیے،اب تک ہاکی میں کام کرنے والے سب عہدیداروں کا احتساب ہونا چاہئے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کھیل کی ترقی کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن سردار نے فیڈریشن عہدیداروں کےاحتساب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حساب اور احتساب ہر جگہ اور سب کا ہونا چاہیے۔ سابق کوچ توقیر ڈار نے کہا کہ کرکٹ کے وائرس نے پہلے ہی قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق کردیاہے، حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ہاکی فیڈریشن کے حکام پسند نہیں تو انہیں تبدیل کردیں ، ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے،ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشید الحسن نے کہا ہے کہ ہاکی کھیل کے بہتر مستقبل کیلئے موجودہ فیڈریشن کو گھربھیجناہوگا،کرپشن میں سیکرٹری کا نام آجائے توہاکی کا اللہ ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ہاکی کے شوقین ہیں مگر ہاکی کی بہتری کیلئے موجودہ حکومت سے کوئی کام نہیں ہواہے۔