• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارے دعوے جھوٹے، تفتیشی ادارے PTI کی کرپشن پر ایکشن کیوں نہیں لیتے، بلاول بھٹو

اسلام آباد(این این آئی، جنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی تنظیم کو خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سارے دعوے ایک ایک کر کے جھوٹے ثابت ہوتے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کی کرپشن پر تفتیشی ادارے ایکشن کیوں نہیں لیتے؟۔ انہوں نے کہ خان صاحب ’’سمجھتی ‘‘ہے کا جملہ جان بوجھ کر نہیں کہا تھا۔ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری کو بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی منصوبہ، مالم جبہ کیس اور اسکولوں میں طلبہ کے جعلی داخلوں سمیت صوبے میں مبینہ کرپشن سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کی کرپشن کو ہر جگہ پر بے نقاب کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ میں نے خان صاحب سمجھتی ہے کا جملہ جان بوجھ کر نہیں کہا، ایسا اردو پر عبور نہ ہونے کے باعث ہوا۔ انہوںنے کہاکہ میری فطرت میں یہ بات نہیں ہے کہ میرے عمل یا الفاظ سے کسی کی تضحیک ہو۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میری والدہ نے جو تربیت کی، اس میں کسی کی ذات کو طنز کا نشانہ بنانے سے روکا گیا ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد پریس کلب میں دو منتخب ارکان قومی اسمبلی کو پریس کانفرنس سے روکنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ یوٹٹر پر پیغام میں انہوں کہا ہے کہ نئے پاکستان میں سنسر شپ نئی بلندیوں کو پہنچ چکی ہے۔ جبکہ دور آمریت میں بھی پریس کلبز ہمیشہ ایسے ادارے رہے ہیں جہاں اظہار رائے پر پابندی عائد نہیں ہوئی۔دریں اثناء پیپلزپارٹی خیبر پختو نخوا کے صدر ہمایون خان کی قیاد ت میں پارٹی کے وفد نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پارٹی رہنما فرحت اللہ بابر،روبینہ خالد، فیصل کریم کنڈی، گو ہر انقلابی ، شیر اعظم وزیر ، فرزند علی وزیر ، لیاقت شباب ، ایوب شاہ اور دیگر سینئر رہنماؤں شرکت کی ۔ہمایون خان نے ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خیبر پختونخو ا حکومت کی بی آر ٹی ،مالم جبہ اراضی سکینڈل ، بلین ٹری سونامی ، سکولوں میں جاری اندراج اور شعبہ صحت سمیت دیگر شعبوں میں ہونیوالی بڑے پیمانے پر کرپشن پر بریفنگ دی اور مہنگائی سے عوامی مشکلات سے انہیں آگاہ کیا ۔

تازہ ترین