راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں تجاوزات مافیا بدستور شہریوں کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے اور کوئی پرسان حال نہیں، عوام نے اس عذاب سے نجات کیلئے تبدیلی کے نام لیوائوں کا انتخاب کیا مگر صورتحال پہلے جیسی ہے، راولپنڈی میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات عروج پر ہیں، دکاندار فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قابض ہیں شہر کے کسی حصے میں قانون نام کی چیز نظر نہیں آتی، مری روڈ سمیت کمرشل مارکیٹ، سرکلر روڈ، صادق آباد، سٹی صدر روڈ، نمک منڈی، باڑہ مارکیٹ، ٹرنک بازار، اقبال روڈ، بوہڑبازار، نرنکاری بازار، جامع مسجد روڈ اور بھابڑا بازار سمیت شہر کا کوئی علاقہ تجاوزات کی لعنت سے مبرا نہیں، پہلے مسلم لیگ اور اب پی ٹی آئی وکارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے فٹ پاتھ اور سڑکوں پر انجمن تجاوزان پوری طرح سے قابض ہے، تجاوزات اور غلط پارکنگ کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے جس کی وجہ سے شہری ناقابل بیان اذیت کا شکار ہوتے ہیں، موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد شروع کے چند ہفتے تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کیخلاف کچھ کارروائیاں ہوئیں مگر بعدازاں تحریک انصاف کی مقامی قیادت جو ماضی میں انہی مسائل کو جواز بناکر اسمبلی اور سڑکوں پر احتجاج کیا کرتی تھی آج خود انہی مسائل کی سرپرستی کر رہی ہے۔ اسی طرح سیاسی سرپرستی اور کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے بلانقشہ اور خلاف نقشہ تعمیرات بھی بلاروک وٹوک جاری ہیں، بلڈنگ برانچ میں ٹائوٹ مافیا کا راج ہے دفتری اوقات ختم ہوتے ہی کالی بھیڑیں سرگرم ہو جاتی ہیں، بعض ٹائوٹ جو ادارے کے ملازم بھی نہیں کارپوریشن کے دفتر میں بیٹھ کرتمام معاملات طے کرواتے ہیں۔