گلگت (این این آئی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن سے اختلاف سامنے آنے کے بعد صوبائی کابینہ میں شامل واحد خاتون وزیر ثوبیہ مقدم کو وزارت سے برطرف کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق خاتون وزیر کے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں اپوزیشن جماعت کے ایک رکن اسمبلی کو ترجیح دینے پر اختلافات پیدا ہوئے تھے۔خیال رہے کہ ثوبیہ مقدم خواتین کی خصوصی نشست پر ضلع دیامر سے رکن اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ثوبیہ مقدم کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے امور نوجوانان اور ویمن ڈیولپمنٹ کی وزارت کا قلم دان دیا تھا۔خاتون رکن پر اسمبلی میں 2 دیگر وزرا کے ساتھ مل کر ہم خیال گروپ تشکیل دینے کا الزام بھی لگایا جاتا ہے ۔