اسلام آباد (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں اضافہ کیلئے ریسٹ ہائوسز عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ عوام پاکستانی اداروں بالخصوص پاکستان پوسٹ کی سروسز پر اعتماد کریں‘ انہیں مایوسی نہیں ہو گی۔ ہمیں پاکستان پوسٹ دوسرے اداروں پی آئی اے اور سٹیل ملز کی طرح تباہ حال ملا تھا‘ 6ماہ میں ادارے کے خسارے کو کم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ سروس فیڈ بیک کے ذریعے کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔ پاکستان پوسٹ کی ری برانڈنگ کر رہےہیں۔ ملازمین ادارے کو اپنے پائوں پرکھڑا کرنے کیلئے محنت کریں‘ اس کا ریوارڈ انہیں ضرور ملے گا۔ پاکستان پوسٹ میں جزا سزا کا نظام قائم کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید کی 6ماہ کی کارکردگی پر پریس بریفنگ میں وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر افتخار درانی بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پوسٹ جب انہیں ملا تو خسارہ بارہ تیرہ ارب تھا جسے کم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ دسمبر تک تمام خسارہ ختم کرنے میں کامیاب ہو جائینگے۔ سیم ڈے پارسل اور الیکٹرانک منی آرڈر کی ساکھ کو بھی درست کیا ہے‘ پرائیویٹ شعبے کے مقابلے کی سروسز فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے‘ موبائل ایپ متعارف کرانے سے ٹریکنگ سسٹم بہتر ہوا‘ جلد اپنا پورٹل بھی بنائیں گے۔ 6ماہ میں لاجسٹک کمپنی گرائونڈ پر لے آئیں گے جو سی پیک کی 32بلین ڈالر کی مارکیٹ لینے کیلئے ہوگی۔ سامان ترسیل کیلئے ہوائی جہاز، ٹرالر اور ہیلی کاپٹرز جیسی سروسز پر بھی کام کر رہے ہیں۔ تجاویز پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ اتھارٹی کے پاس ہیں۔ بیرون ملک سے کم نرخوں پر سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے ملک رقوم بھجوانے کی سہولت پر بھی کام کر رہے ہیں۔ نیشنل بینک اور اسٹیٹ بینک سے بات چیت جاری ہے۔ گھر کی دہلیز پر رقم پہنچائیں گے۔ نادرا کے ساتھ ملکر فرنچائز کھول رہے ہیں۔ 680آپریشنل ہوگئے پندرہ ہزار کھلیں گے۔ ہمارے تیرہ ہزار ڈاک خانے اسکے علاوہ ہیں۔ اتنا بڑا عوامی رسائی کا نیٹ ورک کسی کے پاس نہیں ہے۔ ہم کوالٹی سر وسز دیںگے۔ مراد سعید نے کہا کہ ہم نظام اور ملک بدلنے آئے ہیں‘ عوام ریاستی اداروں کو استعمال کریں‘ 6ماہ میں پاکستان پوسٹ کی تقدیر بدل کے رکھ دی ہے۔ خوداحتسابی محض ایک سیاسی نعرہ نہیں‘ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ حکومت نے ڈیپارٹمنٹ کو اون کیا ہے۔ پولیٹیکل وِل دی گئی ہے۔ انتظامی آزادی دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید کی شبانہ روز کوششوں اور رہنمائی میں جن نئی اور جدید سروسز کا اجراء کیا اُن سے پاکستان پوسٹ کو بے تحاشا فائدہ ہوا ہے۔ پہلی بار ادارے کو حکومتی سرپرستی حاصل ہونے کا سہرا بھی وفاقی وزیر پوسٹل سروسز کے سر جاتاہے۔