راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے رواں مالی سال کے تیسرے کوارٹر کیلئے واسا راولپنڈی سمیت صوبے کے تمام واسا کیلئے پونے 25 کروڑ روپے کی رقم (گرانٹ ان ایڈ کی مد میں) جاری کر دی ہے ، ذرائع کے مطابق واسا راولپنڈی کیلئے پانچ کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ، رواں مالی 2018-19کیلئے پنجاب کے تمام واسا کیلئے 3ارب 26کروڑ ساڑھے 73لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ،جن میں سے پہلے ہی تمام واسا کو دو ارب ساڑھے اکیس کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں ، ذرائع کے مطابق مجموعی بجٹ میں سے واسا لاہور کیلئے دو ارب 20 کروڑ روپے ہیں اور واسا راولپنڈی کیلئے صرف 20کروڑ روپے ہیں جو کہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں ، مالی مسائل کا شکار واسا جن کے ملازمین کو پچھلے کئی ماہ سے شاید ہی کبھی یکم کو تنخواہیں ملی ہوں اور آج بھی بہت سے ڈیلی ویجرز پچھلے پانچ ، چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم چلے آ رہے ہیں ، ایسی صورتحال میں پنجاب کے واسا کیلئے مختص رقم میں سے راولپنڈی واسا کو 20کروڑ کی جگہ کم از کم پچاس کروڑ روپے ملنے چاہئیں تاکہ راولپنڈی کے شہریوں کو بہتر طریقے سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔