اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ والد زرداری اور انکل نوازشریف سے پوچھ گچھ بند ہوجائے، وہ کرپٹ کرداروں کی وکالت کرنے سامنے آئے ، ان کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستارہا ہے۔ پیر کو بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں مراد سعید نے کہا کہ چارٹرآف ڈکیتی آج ایک بار پھر پوری طرح بےنقاب ہوگیا۔ بلاول کرپٹ کرداروں کی وکالت کرنے میڈیا کے سامنے آئے، بلاول چاہتے ہیں والد اور انکل نوازشریف سے پوچھ گچھ بند ہوجائے، جتنا مرضی شور مچا لیں کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاستِ پاکستان کے بجائے بلاول کو مودی جی کا موقف زیادہ اچھا لگتا ہے۔قبائلی علاقوں میں امن کی واپسی سے زیادہ بلاول کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستارہا ہے، بلاول سمجھتے ہیں کہ ریاست اور ریاستی اداروں پر کیچڑاچھال کربڑا لیڈربنا جاسکتا ہے۔