• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات محسوس ہونے لگے

کراچی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آنے سے شہر کا موسم شدید گرم ہو گیا، موجودہ صورت حال 4 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں رک گئیں، جس کے بعد شہر میں ہیٹ ویو کے اثرات محسوس ہونے لگے ہیں۔

کراچی میں صبح سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا، اس دوران سمندری ہوائیں معطل ہوئیں تو گرم اور خشک میدانی علاقوں کی ہواؤں نے شہر کا رخ کرلیا، شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 12 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم شدید گرم ہو گیا، لو چلنے لگی، درجہ حرارت 40 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، امکان ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان سے آنے والی گرم، خشک اور گرد آلود ہوائیں شہر میں چل رہی ہیں، جن کے باعث حدِ نظر متاثر ہوئی ہے جو 4 کلومیٹر ہو گئی ہے، جبکہ عام دنوں میں اس وقت حدِ نگاہ 6 سے 7 کلومیٹر ہوتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو 4 مئی تک برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، اس دوران دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرم موسم میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بلا ضرورت باہر نہ نکلیں اور اگر نکلنا پڑے تو چھتری کا استعمال کریں، پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں۔

ادھر سندھ حکومت نے شہر میں 115 مقامات پر ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کر دیئے ہیں، کئی مقامات پر پانی کی سبیلیں اور موبائل ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت 13 اسپتالوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر کے اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

تازہ ترین