اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار کل جمعرات کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس قومی تقریب میں گورنر کے پی کے، کور کمانڈر پشاور، وزیر اعلیٰ کے پی کے انکی کابینہ کے ارکان وفاقی وزیر آبی وسائل سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان کے پی کے اسمبلی سینٹ آف پاکستان قومی اسمبلی کے ممبر اور دوسری شخصیات شرکت کرینگی۔ مہمند ڈیم کے پی کے کے نئے ضلع مہمند میں تعمیر ہو گا جو پشاور سے شمال میں 37 کلو میٹر کے فاصلے پر تعمیر ہو گا۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق ڈیم فنڈ میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس ثاقب نثار کی کاوشوں سے اب تک 10 ارب 40 کروڑ 20 لاکھ 81 ہزار 797 روپے جمع ہو چکے ہیں ۔یہ ڈیم 5 سال 8 ماہ میں مکمل ہو گا۔