اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے ملک کے بہت بڑے بزنس مین میاں منشاء کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق نیب کی تحقیقات روکنے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران بنچ کے سربراہ،جسٹس شیخ عظمت سعیدنے کیس کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے ۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روز نیب کی اپیل کی کیس کی سماعت کی تو جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ مجھے اس مقدمے سے متعلق سب علم ہے،کوئی دوسرا بینچ اس معاملے کی سماعت کرے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔