• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایٹ مرکزمیں راولپنڈی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ، ایک شخص زخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ کراچی کمپنی کے علاقہ جی ایٹ مرکزمیں راولپنڈی پولیس کے اہل کاروں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ روات میں گاڑی کے لین دین کے معاملے پر درج مقدمہ میں ملزم کی گرفتاری کے لئے روا ت پولیس منگل کو جی ایٹ مرکز کے ایک شو روم پر آئی جہاں ملزم کی گرفتاری کی کوشش کے دوران مزاحمت پرپولیس نے فائرنگ کردی جس سے عثمان نامی شخص زخمی ہو گیا۔ تھانہ کراچی کمپنی کے ڈیوٹی افسراے ایس آئی امیرگوندل نے بتایاکہ زخمی شخص یہاں اپنے کزن کے شوروم پرآیاہواتھا جسے دوفائرلگے ۔ اے ایس آئی کے مطابق روات پولیس کے اہل کار اور گاڑیاں تھانہ کراچی کمپنی میں ہیں ۔ادھر موقع پر موجود تاجروں کا کہنا تھا کہ روات پولیس کے ہمراہ اسلام آباد پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا ۔ تاجروں کی جانب سے رات گئے تک احتجاج جاری رہا جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران مذاکرات کیلئے موجود رہے۔زخمی عثمان کے کزن نے میڈیا کو بتایاکہ ان کاشوروم ہے جہاں عثمان منگل کوعصرکے وقت آیا،رات کواچانک روات پولیس کی دوگاڑیاں آگئیں اورپنجاب پولیس کے اہل کاروں نے عثمان کوپکڑلیا ہم سے 10لاکھ روپے ،تین موبائل فون اورشوروم کے کاغذات چھین لئے ۔دریں اثناءتھانہ روات پولیس کے جی ایٹ مرکزاسلام آباد میں فائرنگ کے معاملہ پرایس ایس پی آپریشنزکو انکوائری افسر مقرر کر دیاگیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ روات پولیس نے 2کروڑروپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے اس کا پیچھا کیا اوراس دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
تازہ ترین