تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: آمنہ علی
دوپٹّے: گولڈی سمن
آرایش: لَش بیوٹی سیلون بائے شہلا
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
عموماً دوپٹّے کا نام سُنتے ہی ذہن کے کسی گوشے میں رنگا رنگ دوپٹّے لہرانے لگتے ہیں۔ پہلے کبھی لباس سے ہم آہنگ یا پھر کنٹراسٹ میں رنگ ریزوں سے دوپٹّے رنگوانے کا رواج عام تھا،جن پر بہت نفاست سے ترپائی کی جاتی یا مزید آرایش کے لیے چاروں طرف ریڈی میڈ لیس، کرن وغیرہ لگالی جاتی یا پھرتھریڈ یا شیشہ ورک سے آراستہ کر لیے جاتے۔ لیکن اب ملبوسات کی طرح دوپٹّوں کے بھی نت نئے انداز متعارف ہوگئے ہیں۔ چوں کہ رحمتوں، برکتوں، مغفرتوں کی مہینے، ماہِ صیام کی آمد آمد ہے، تو ہم نے بھی اپنی بزم اِسی مناسبت سے دوپٹّوں کے ایک بہت ہی حسین و دِل کش سے انتخاب سے مرصّع کی ہے۔ قوسِ قزح، بہتی لہروں، بکھرتی کرنوں جیسے ان دوپٹّوں کی ایک خاصیّت یہ بھی ہے کہ یہ ہینڈ پینٹڈ ہیں۔اور یہ پینٹ کوئی عام فیبرک پینٹ نہیں، بلکہ دورِ حاضر کی ایک بہت منفرد اور جدید تیکنیک ہے۔
ذرا دیکھیے، سفید رنگ ٹراؤزر، کُرتی کے ساتھ جیومیٹریکل ڈیزائن سے تیار کردہ ہلکے رنگوں کی ہم آمیزی میں ایک خُوب صُورت سا دوپٹّا چہرے کا نُور کیسے اُجال رہا ہے۔ سبز رنگ ٹراؤزر اور سیاہ رنگ قدرے چھوٹی شرٹ کے ساتھ نیلے، سبز، براؤن کے ساتھ کچھ ہلکے گہرے رنگوں کے کامبی نیشن میں ہینڈ پینٹڈ دوپٹّے کا انداز جداگانہ ہے، تو اِسی لباس کے ساتھ ماربل پرنٹ کے سے انداز میں ایک اور دوپٹّے کا انتخاب بھی کچھ کم حسین نہیں۔ جب کہ سفید رنگ پیراہن کے ساتھ سرمئی اور رسٹ کے منفرد کامبی نیشن میں تیارکیا گیا دوپٹّا تو حُسن و دِل آویزی میں اپنی مثال آپ ہے۔
روشنی، چاندنی، بہتی لہروں، قوسِ قزح جیسے یہ سب رنگ و انداز آپ ہی کے حُسنِ ذوق کے نام ہیں، جو چاہیں منتخب کرلیں۔