غزل گائیگی کی جب بھی تاریخ لکھی جائے گی، ممتاز گائیکہ فریدہ خانم کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا، نجی یونیورسٹی کی جانب سے ایک شام فریدہ خانم کے نام کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان کی پہلی اوپرا سنگر سائرہ پیٹر نے ڈھائی گھنٹے تک آواز کا جادو جگایا، فضا میں ہر طرف ’آج جانے کی ضد نہ کرو‘، ’ہم صورت گر کچھ خوابوں کے، ہم نغمہ سرا کچھ غزلوں کے‘، ’دشتِ تنہائی‘ کی گونج تھی۔
اس موقع پر نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ممتاز نغمہ نگار صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کی صاحبزادی فوزیہ تبسم نے بتایا کہ میں نے فریدہ خانم کی جوانی دیکھی ہے، وہ بہت حسین اور خوب صورت تھیں، انہوں نے سب سے زیادہ صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کی غزلیں گائی ہیں۔
بعد ازاں ان کی دعوت پر سریلی گلوکارہ سائرہ پیٹر نے مقبول غزلیں پیش کر کے محفل لوٹ لی، انہیں سب سے زیادہ داد مشہور غزل ’وہ عشق جو ہم سے روٹھ گیا، اب اس کا حال سنائیں کیا‘ پر ملی۔
سائرہ پیٹر نے ڈیڑھ گھنٹے تک آواز کا جادو جگایا، اس موقع پر انہوں نے صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کے مشہور گیت بھی اپنی آواز میں پیش کیے، محفل موسیقی میں نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔