وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول کی جماعت نے غریبوں کے پلے کیا چھوڑا ہے جو اب ان کے حقوق چھیننے کے نعرے لگا رہے ہیں، مالِ حرام بچانے کے لیے سندھ اور پنجاب کی لکیریں کھینچنا شرمناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے بلاول بھٹو کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کے والد نے اس قوم کے مزدوروں اور غریبوں کے حقوق چھین کر ’جعلی اکاؤنٹس‘ کا جال بُنا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم جیسے کئی آلہ کار بھی لوٹ مار کی اس بہتی گنگا سے سیراب ہوتے رہے، سندھ کے عوام غریب سے غریب تر ہوتے گئے اور بلاول امیر سے امیر تر ہو گئے، جونیئر زرداری فکر نہ کریں پنجاب میں بھی ’بھل صفائی‘ جاری ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ جب مزدور اور متوسط طبقہ تحریک انصاف کی شکل میں اقتدار میں ہے تو بلاول شدید گھبراہٹ میں مبتلا ہیں، روشنیوں کے شہر کو بلاول کی جماعت نے ’عزیر بلوچوں‘ اور ’راؤ انواروں‘ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، جس نے بھی قومی خزانے پر ہاتھ صاف کئے ہیں اسے کٹہرے میں آنا ہوگا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔