کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی کنوینر مولانا عبدالخالق مری نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں سٹیٹ بینک کے گورنر سے زبردستی استعفیٰ لینے کے بعد آئی ایم ایف کے سابق نمائندے کو مقرر کرنے سے حکمرانوں کی نااہلی کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظهار انہوں نے جمعیت ضلع پشین کے انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی انتخابات ہوئے جس میں مولانا عزیزاللہ حنفی امیر اور مولانا محمد آغا جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔مولانا عبدالخالق مری نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی سیکورٹی واپس لینے کی مذمت کرتے ہیں حکومت سابق حکومتوں کے طرز پرانتقامی سیاست والی غلطی نہ دہرائے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن کی سیکورٹی واپس کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن عالمی سطح کے لیڈر ہیں انکی حفاظت کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں کارکن موجود ہیں مگر ایک سیاسی لیڈر کی حیثیت سے حکومت اور سیکورٹی اداروں کا فرض بنتا ہے کہ انہیں حفاظتی فورس فراہم کریں ۔انہوں نے کہا کہ آخر ایسا کیوں اور کس کے کہنے پر کیا جارہا ہے قائد جمعیت پر تین بار حملے ہوچکے ہیں جعلی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔