کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ بورڈ کے خلاف باغی گروپ مسلسل کمزور ہورہا ہے، کیونکہ گورننگ بورڈ اجلاس میں چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان سے بغاوت کرنے والے کوئٹہ کے شاہ دوست تکنیکی بنیادوں پر اپنی نشست سے محروم ہوگئے ہیں۔ پی سی بی نے کوئٹہ ریجن کے الیکشن کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ صدارت کیلئے کاغذات جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 مئی مقرر کی گئی ہے۔ پولنگ 13 جون کو بگٹی اسٹیڈیم میں ہوگی۔ ضلع تربت سے تعلق رکھنے والے شاہ دوست کا کہنا ہے کہ مجھے محکمانہ اور ریجنل کرکٹ کو بچانے کے لیے آواز بلند کرنے اور نوجوان کرکٹرز کے معاشی قتل کے دستاویز پر دستخط نہ کرنے پرپر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ دوست کو آزاد ایڈجیوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ فضل میران چوہان نے نا اہل قرار دیا ہے۔ الزام ہے کہ شاہ دوست سرکاری ملازم ہیں۔شاہ دوست کہتے ہیں کہ یکم جولائی 2017کو سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے چکا ہوں۔