کراچی (جنگ نیوز) انگلینڈ کے فٹ بال کلبوں نے یورپی فٹبال میں نئی تاریخ رقم کردی ہے جب دو بڑے ٹورنامنٹس کے فائنلز میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کاتعلق انگلینڈ ہی سے ہے۔ یورپین چیمپئنز لیگ فائنل کے لئے انگلینڈ کے کلب لیور پول نے لائنل میسی کے ہسپانوی کلب بارسلونا کو سیمی فائنل کے دو مراحل میں 4-3 گول سے اور دوسرے سیمی فائنل ٹوٹنہم ہوٹسرس نے ہالینڈ کے کلب ایاکس کو اوے گول کی بنیاد پر ہرایا۔ دو مراحل میں میچز 3-3 گول سے برابر رہے تھے۔ دوسرے یورپی ٹورنا منٹ یورپا لیگ کے سیمی فائنلز میں انگلینڈ کے آرسنل نے اٹلی کے کلب ویلنشیا اور چیلسی نے جرمنی کے کلب فرینکفرٹ کو شکست دی۔ ان ٹورنامنٹس کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ فائنلز میں آنے والی چاروں ٹیمیں انگلینڈ سے تعلق رکھتی ہیں۔ تاہم 2007-08 میں انگلینڈ کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیمپئنز لیگ میں اپنے ہی ملک کے کلب چیلسی کو شکست دی تھی جبکہ 1971-72 میں یورپا کپ میں ٹوٹنہم ہوٹسرس نے وولوز کو ہرایا تھا۔