سیکیورٹی فورسز نے پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ نیوی اہلکار سمیت 5 افراد شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن میں 5 افراد بھی شہید ہوئے، جن میں ہوٹل کے 4 ملازمین اور ایک نیوی اہلکار شامل ہے جبکہ 2 کیپٹن، نیوی کے 2 اہلکار اور ہوٹل کے 2 ملازمین زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ہوٹل میں موجود مہمانوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، تاہم پاکستان آرمی، نیوی اور پولیس کی بروقت کارروائی سے ہوٹل ملازمین اور مہمانوں کی جان بچالی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈ نے دہشتگردوں کو مین ہال میں داخل ہونے سے روکا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ ظہور اور ہوٹل کے 3 ملازمین فرہاد، بلاول اور اویس شہید ہوئے جبکہ شہید ہونے والے نیوی اہلکار کا نام عباس خان ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے ہوٹل میں نصب کی گئی آئی ای ڈیز کو بھی کلیئر کیا۔