راولپنڈی (اے پی پی)سیکیورٹی فورسز نے گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا، آپریشن میں تینوں دہشت گردہلاک ہوگئے جبکہ نیوی اہلکار سمیت شہدا کی تعداد5ہوگئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کوجاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کوشناخت کیلئے رکھا گیاہے، آپریشن کے دوران نیوی کا ایک سپاہی اورہوٹل کے4ملازمین شہید اور 6زخمی ہوگئے، زخمیوں میں آرمی کے دوکپتان، نیوی کے دوسپاہی اورہوٹل کے دو ملازمین شامل ہیں، بیان کے مطابق دہشت گرد ہوٹل میں داخل ہونے اوروہاں موجودمہمانوں کو ہدف بنانے یا انہیں یرغمال بنانے کی کوشش کررہے تھے،ہوٹل میں مقام داخلہ (اینٹری) پر سیکورٹی گارڈ نے دہشت گردوں کو للکارا اورانہیں مرکزی ہال میں داخل ہونے نہیں دیا جس کے بعد دہشت گردوں نے اوپر کی منزلوں تک لیجانے والی سیڑھیوں کا استعمال کیا،دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ ظہورنے جام شہادت نوش کیا،سیڑھیوں کی طرف جاتے ہوئے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں ہوٹل کے مزید3ملازمین فرہاد، بلاول اوراویس شہید اور2زخمی ہوگئے۔بیان کے مطابق آرمی، نیوی اورپولیس کی سریع الحرکت فورس فوری طورپر ہوٹل پہنچ گئی جنہوںنے مہمانوں اور موجودعملہ کو سیکیورکیا ، کوئیک ریسپانس فورس نے دہشت گردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل کی راہداری تک محدود کیا، مہمانوں اورموجودعملے کو ہوٹل سے بحفاظت نکالنے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے کلوزسرکٹ کیمروں کو غیرفعال اورچوتھی منزل تک پہنچنے والے تمام اینٹری پوائنٹس پر دیسی ساختہ بارودی مواد(آئی ای ڈیز) نصب کردیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے چوتھی منزل تک پہنچنے کیلئے خصوصی اینٹری پوائنٹ بنایا، تمام دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردوں کی طرف سے نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں پاک بحریہ کے سپاہی عباس خان شہید جبکہ پاک فوج کے دو کپتان اور نیوی کے دو سپاہی زخمی ہوگئے۔ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آر نے آپریشن کی کوریج میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر پوری میڈیا کاشکریہ اداکیا،ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی وجہ سے دہشت گردوں کو براہ راست آپ ڈیٹ تک رسائی نہیں ہوئی اورسیکیورٹی فورسز کو آپریشن احسن انداز میں مکمل کرنے میں سہولت حاصل ہوئی۔