لاہور کی احتساب عدالت میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پیش کیا گیا جہاں ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ علیم خان کیخلاف ریفرنس کی کیا پوزیشن ہے؟ جس پر نیب حکام کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے علیم خان کی پراپرٹی کا ریکارڈ آنا ہے، جبکہ دیگر شواہد اکھٹے کرنے پر بھی کام جاری ہے۔
اس موقع پر نیب نے علیم خان کے خلاف عدالت سے تفصیلی ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے مزید وقت طلب کرنے کی درخواست کی جس پر عدالت نے نیب کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے 27 مئی تک علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ علیم خان کو 6 فروری کو آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا۔ نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے صوبائی وزارت کے عہدے سے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا تھا۔