• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی پنجاب صوبہ، IMF ڈیل سے توجہ ہٹانے کا نیا ڈرامہ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے نئے صوبوں کے قیام کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب، بہاولپور صوبوں کا بل جمع کرایا، حکومت نئے صوبے کے قیام پر سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبے کو بھی تسلیم کرے۔پیر کو ایک وضاحتی بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے بیان کو بل کی مخالفت کے طور پر پیش کیا جارہا ہےحالانکہ انہوں نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت نہیں کی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کا بل مسلم لیگ (ن) کئی ماہ پہلے پیش کرچکی ہےدونوں صوبوں کے قیام کا بل مجلس قائمہ کمیٹی میں زیرغور ہے،قواعد کے تحت نیا بل پیش نہیں ہوسکتا۔مریم اور نگزیب نے واضح کیا کہ شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھایا تھا کہ حکومت پہلے سے جمع شدہ بل پر پیش رفت کیوں نہیں کررہی ؟حکومت دھونس، دھاندلی اور حکومتی اختیارات کے ذریعے قواعد کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا چاہتی ہے حکومت انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش نہ کرے۔
تازہ ترین