تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: آیت خان
عبایا، اسکارفس: آیت وارڈروب
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
ماہِ صیام کے’’عشرۂ مغفرت‘‘کا آغاز ہوچُکا ہے۔اس ماہ کے دوران ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عبادت، ذکر و اذکار اور توبہ استغفار کرے۔ بے شک ربِ کریم ہم گناہ گاربندوں پر بہت مہربان ہے، رحم و فضل کرنے والا ہے، تب ہی تو اُس نے ہمیں’’رمضان المبارک‘‘جیسا بابرکت مہینہ کہ جس کا چاند نظر آتے ہی فرشتے اپنے رب کے حکم سے جنّت کے دروازے وَا کردیتے ہیں، عطا فرمایا۔جس ماہ کی ہر ساعت میں جنّت کے دروازے وَا رہیں، ہر گھڑی قبولیت کی بن جائے،اس ماہِ مبارک کے کیا ہی کہنے۔ وہ کیا ہے؎’’سارے عالم میں عجب انجمنِ آرائی ہے…ماہِ رمضان کی برکت سے یہ زیبائی ہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا کے باطنی کے ساتھ کچھ ظاہری آداب بھی ہیں، جنہیں بجا لانا ضروری ہے۔ مثلاً صاف ستھرا لباس زیبِ تن کرنا، خوشبو لگانا اور خواتین کے لیے سلیقے و قرینے سے سَروں کو ڈھانپنا، تاکہ ہر دیکھنے والی نگاہ میں احترام دَر آئے۔تو لیجیے، آج ہم نے اپنی بزم ماہِ رمضان ہی کی مناسبت سے کچھ ہلکے، گہرے رنگوں کے خُوب صُورت عبایا، اسکارفس سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، جامنی رنگ عبایا کس قدر پیارا، باوقار سا لگ رہا ہے، تو ساتھ کنٹراسٹ میں عنّابی رنگ چیک پرنٹ کا اسکارف بھی خُوب ہے۔ ٹیل گرین رنگ عبایا،سیاہ پرنٹڈ اسکارف کے ساتھ بھلا لگ رہا ہے، تو گولڈن رنگ ہُڈ کے ذریعے ماتھے کے بالوں کو بھی انتہائی نفاست سے کور کیا گیا ہے۔ عربی کفتان اسٹائل میں سیاہ رنگ عبایا کے ساتھ سِلک فیبرک میں گولڈن رنگ اسکارف کی ہم آمیزی ہے، تو اِسی عبایا کے ساتھ سُرخ رنگ پرنٹڈ اسکارف بھی بہت اچھا تاثر دے رہا ہے اور سفید و سیاہ کے سدا بہار امتزاج میں پرنٹڈ عبایا اور ملٹی شیڈڈ پرنٹڈ اسکارف کے حُسنِ دِل آویز کے تو کیا ہی کہنے۔
ہمیں یقین ہے، ستر پوشی کا مقصد پورا کرتے یہ دِل کش عبایا، اسکارفس ماہِ رمضان کی کسی بھی ہلکی پھلکی تقریب، افطار پارٹیز وغیرہ کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔