کراچی کے مختلف علاقوں میں کامبنگ آپریشن کے دوران پولیس نے 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کارروائیوں کے دوران عزیز اباد اور گڈاپ سے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع ملیر کے مختلف علاقوں ملیر سٹی اور جناح اسکوئر سمیت دیگر علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے خواتین اہلکاروں کے ہمراہ کومبنگ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران مشتبہ کے کوائف کی تصدیق کی گئی۔
ضلع جنوبی میں صدر، پریڈی اسٹریٹ اور رتن تلاو اسٹریٹ پر بھی پولیس نے کامبنگ آپریشن کیا اور 52 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تصدیق کے لیے تھانے منتقل کردیا۔
کورنگی مہران ٹاؤن میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے کامبنگ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کا عمل کیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
عزیز آباد اور گڈاپ سٹی سے پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ منشیات اور گٹکا بنانے کا خام مال برآمد کرلیا۔