لندن، لاہور ، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خبر ایجنسی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ( ن ) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے اس طرح کی ڈکٹیشن کبھی کسی نے نہیں لی، پاکستان آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا ، یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان،عمران خان کام کو سمجھتے ہیں نہ ہی جانتے ہیں ،عمران کندذہن کے مالک ہیں۔حمزہ شہباز نے ڈالر کی قیمت مزید بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ کی نالائق ترین حکومت کی وجہ سے ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ،تبدیلی ہر روز قوم کی چیخیں نکلوارہی ہے،ڈالر بھی نیازی صاحب کی طرح کسی جگہ ٹھہر نہیں رہا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب کو شاباش اور علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو نئی ایمنسٹی اسکیم پر مبارکباد پیش کرتی ہوں،عمران خان اپنی باجی اور بچوں کی جائیداد حلال کرانے کیلئے ایمنسٹی لائے،علیمہ باجی کو سلائی مشینوں اور جہانگیر ترین کو مالی اور باورچیوں سے کمائی ہوئی غیرقانونی جائیداد کو قانونی کرنے کا ایک اور موقع دے دیاگیا۔پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے جبکہ حکومتی ترجمان ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ ملک میں مہنگائی کم ہوئی ،ملک انوکھے لاڈلے کے حوالے کر دیا گیا جس نے معیشت تباہ کر کے رکھ دی ،ملک چلانا انوکھے لاڈلوں کے بس کی بات نہیں۔ تفصیلات کےمطابق اپنے ایک انٹرویو میں مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پاکستان واپسی میں تاخیر سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ چند طبی رپورٹس آنا باقی ہیں، توقع ہے کہ بجٹ سیشن سے قبل پاکستان پہنچ جاؤں گا،انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سب جانتے تھے کہ وزیراعظم عمران خان کند ذہن کے مالک ہیں، نہ کام کو سمجھتے نہ جانتے ہیں، بدقسمتی سے عمران خان ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بھی بہت بولتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ان سے زیادہ جھوٹا وزیراعظم میں نہیں دیکھا، دیار غیر میں جاکر پاکستان کے متعلق ایسا پروپیگنڈہ کیا کہ پورے معاشی ماحول کو تباہ کردیا، پہلے ایمنسٹی کے خلاف تھے اب خود متعارف کرادی، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا دعویٰ کرنے والوں نے آج ان ہی کے بندوں کو اہم پوزیشنز پر تعینات کردیا، آئی ایم ایف سے اس طرح کی ڈکٹیشن کبھی کسی نے نہیں لی، پاکستان، آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا ہے، یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہےکہ عمران نیازی اب ہم آپ کا عوام پر ظلم برداشت نہیں کر سکتے ، اب آپ کو جانا ہو گا،ملکی معیشت اب ملک کے ہاتھ میں نہیں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی ہے ،عمران نیازی نے صرف عوام کی چیخیں نکلوانے کا وعدہ پورا کیا ہے ،روز ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کے طوفان میں مسلسل اضافہ ہو گا ،نیازی صاحب معیشت میں بھی بی آر ٹی ماڈل فالو کررہے ہیں،ڈالر کی روز بدلتی قیمتیں اور تبدیل ہوتا روپیہ تباہی لارہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب حلال ایمنسٹی اسکیم لائے ہیں تاکہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین اپنی غیرقانونی جائیدادوں کو ایک بارپھر حلال کرالیں۔