کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی ’’ انٹر نیشنل میوزیم ڈے ‘‘ آج منایا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں عجائب گھروں کا دن’’ انٹر نیشنل میوزیم ڈے ‘‘ آج منایا جا رہا ہے ۔ اس سال’’ عجائب گھر بطور ثقافتی مراکز روایات کا مستقبل ان میں ہے‘‘ کے موضوع چنا گیا ہے ۔ درایں اثنا ء ڈائریکٹوریٹ آثار قدیمہ و میوزیم حکومت بلوچستان کے ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقاصد اس حقیقت کا شعور و آگہی فراہم کرنا ہے کہ عجائب گھر ثقافتی تبادلے ، ثقافتی بالیدگی باہمی ہم آہنگی ، تعاون اور امن کے فروغ کے اہم وسیلے ہوتے ہیں عجائب گھر معاشرہ کی بھلائی اور لوگوں کے درمیان امن او ربھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ صوبے کے عوام میں اپنی تہذیب و ثقافت اور ماضی کی تاریخ کومحفوظ بنانے کے متعلق شعور پیدا کرنا نہایت ضروری ہے ۔ لہٰذا اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آثار قدیمہ اور میوزیم کی جانب سے عوام الناس کیلئے اس دن کی مناسبت سے عجائب گھر اسپینی روڈ کوئٹہ میں ایک روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں قدیم تاریخی و ثقافتی چیزیں رکھی گئی ہیں۔