سکھر (بیورو رپورٹ) شہر سمیت گرد ونواح کے علاقوں کو گرمی کی لہر نے ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا، دوپہر کے وقت سورج کی تیز شعاعوں نے لوگوں کو غیر ضروری کام کاج کرنے سے روکے رکھا۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی، تماچانی سمیت قرب و جوار کے علاقوں میں گزشتہ دنوں ہونیوالی ہلکی وتیز بارش کے باعث گرمی کی شدت کم ہوگئی تھی اور موسم میں بہتری آئی تھی تاہم ہفتہ کو مذکورہ علاقوں کو گرمی کی لہر نے پھر سے اپنی لپیٹ میں لے لیا، خاص طور پر دوپہر کے وقت 12بجے سے لیکر شام 5بجے تک گرمی کی شدت زیادہ دیکھنے میں آئی۔ لوگوں نے گرمی سے بچنے کے لئے غیر ضروری کام کاج کرنے سے گریز کیا اور گھروں، دفاتر، دکانوں میں رہنے کو ترجیح دی۔ بیرون شہر سے آنیوالے خریدار گرمی کی شدت سے نڈھال دکھائی دیے۔ ڈاکٹرز نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی کے موسم سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔