• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی صحافت سے کسی بھی ریاست کی  صحت کا پتہ چلتا ہے، پوپ فرانس

کراچی(نیوزڈیسک)عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ آزادی صحافت سے کسی بھی ریاست کی صحت کا پتہ چلتا ہے،انہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مارے جانے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،اٹلی میںفارن پریس ایسوسی ایشن میں اپنے ایک بیان کے دوران انہوں نے صحافیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹی خبروں سے اجتناب کریں جبکہ برے حالات میں گھرے لوگوں کی آواز بنیں جن کے مسائل کو اجاگر نہیں کیا گیا،پوپ فرانسس نے روہنگیا اور ایزدی افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی برے حال میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے کام کرنے والے بہت سے آپ کے ساتھیوں کو کام کے دوران ہلاکت سے متعلق دردناک اعداد وشمار سنے ہیں۔فرانسس نے ایسوسی ایٹڈ پریس ٹیلی ویژن کے پیٹریسیا تھامس کو سنا اورانہوں نے اپنے کام کے دوران قید ہوجانے،قتل یا زخمی ہوجانے والے صحافیوں کے بارے میں بات کی۔انہوں نے لیرا میکے کا حوالہ دیا جنہیں شمالی آئیرلینڈ میں ایک بلوے کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا گیا،اسی طرح استنبول میں گزشتہ برس واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی کو سعودی سفارتخانے میں قتل کیا گیا۔پوپ نے کہا کہ آزادی صحافت اور اظہار سے کسی بھی ریاست کی صحت کا معلوم ہوتا ہے۔فرانسس نے 400غیر ملکی میڈیا ارکان اور ان کے خاندانوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کسی ملک کا نام نہیں لیا۔پوپ فرانسس نے رومن کیتھولک چرچ کے جنسی زیادتی اسکینڈل میں میڈیا کے نمایاں تحقیقاتی کردار کی بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ جب آپ کی انگلی بھی زخمی ہوتی ہے تو چرچ آپ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پوپ فرانسس نے کہا کہ آج کون روہنگیا کیلئے بات کررہا ہے؟کون ایزدی کے بارے میں بول رہا ہے ،انہیں بھلا دیا گیا اور وہ آج بھی ظلم سہہ رہے ہیں۔

تازہ ترین