• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، دہشت گردی کی وجوہ ختم کرنا ہوں گی، شاہ محمود، خلا میں ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش

بشکیک(ایجنسیاں)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سیاسی اختلافات اور غیر حل شدہ تنازعات اس خطے میں مسائل کو مزید گھمبیر بنا رہے ہیں‘دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناء پاکستان اور روس نے خلاءمیں ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئےقرار دیا ہے کہ وہ خلاءمیں کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی تنصیب میں پہل نہیں کریں گے، ہر ممکنہ کوشش کریں گے کہ خلاءفوجی تصادم کا میدان نہ بنے اور خلائی سرگرمیوں میں سلامتی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔شاہ محمود نے اجلاس کے موقع پر چین ‘روس‘ قازقستان کے وزراءخارجہ سمیت اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی اورپاکستانی سفارتخانے کا دورہ بھی کیا۔اعلامیہ کے مطابق روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ پاکستان خلاءمیں موجود اقوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے ان کی مثال کو اپنائیں۔ خلاءمیں ہونے والی سرگرمیاں ریاستوں کی سماجی، معاشی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ان کا عالمی اور علاقائی سلامتی برقرار رکھنے میں بھی کردارہے۔دونوں ممالک اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2 میں درج عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ خلاءمیں سرگرمیوں سمیت طاقت کے استعمال سے عالمی تعلقات سے احتراز برتا جائے اور اس تصور پر کاربند ہوں کہ ریاستیں سختی سے اس پالیسی پر عمل پیرا ہوں گی۔ دریں اثناءشاہ محمود قریشی نے بشکیک میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے دوران اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین