علم نجوم میں دائرۃ البروج کے60سے 89 درجات پر مشمل حصہ، برج جوزا (Gemini) کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ تیسرا برج ہے۔ شمس 21مئی سے 20جون تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج جوزا کا حاکم سیارہ عطارد(Mercury)ہے، اس کی خوبی تغیر پذیر(Mutable)ہے، علامتی نشان/جڑواں بچے، عنصر یا مادہ/ہوا، جنس/ مذکر، خوش بختی کا دن/ بدھ، رنگ/ پیلا، خوش بخت/بروج میزان اور دلو، پتھر /زمرد اور پکھراج، خوش بختی کا عدد5جبکہ صحافت، ہوا بازی، ایجادات، سیاحت، تدریس، ابلاغ، مجسمہ سازی اور کتب فروشی جیسے پیشے موافق رہتے ہیں۔
شخصیت کا جائزہ
برج جوزا کے تحت پیدا ہونے والے افراد متحرک، ہمہ جہت، دوہری شخصیت کے مالک، بیک وقت کئی دلچسپیوں کے حامل، مادیت پسند، جدت پسند، محنتی اور با عمل ہوتے ہیں۔ برج جوزا کے حامل افراد تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرلیتے ہیں۔ وہ فطری طور پر آزاد خیال ہوتے ہیں ،کسی کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیتے، زندگی میں تبدیلیاں اور آزادی ان کے لیے ضروری ہوتی ہے۔ ان کی توجہ کسی ایک کام پر نہیں ہوتی، وہ ایک وقت میں کئی کام انجام دینا چاہتے ہیں۔ وہ ملنسار ہوتے ہیں، گھروالوں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ برج جوزا جذباتی ہوتے ہیں، کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل ظاہر کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے بعض اوقات انھیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کی خامی ہے کہ یہ کسی بھی کام سے جلد بور ہوجاتے ہیں اور سطحی رویہ رکھتے ہیں۔
ملکی اور غیرملکی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات برج جوزا سے تعلق رکھتی ہیں، جن میں سے چند کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
ضیاء محی الدین
اردو ادب کی لازوال آواز ضیاء محی الدین 20جون1933ء کو لائل پور (فیصل آباد) میں پیدا ہوئے۔ وہ ایسی قابل احترام شخصیت ہیں، جن کا انوکھا لہجہ انھیں دنیا بھر میں ممتاز کر گیا اور ان کے پڑھنے اور بولنے کے ڈھنگ کو عالمی شہرت نصیب ہوئی۔ ان کی آوازکا اُتار چڑھاؤ اور شعر پڑھنے کا انداز ایسا ہے کہ سننے والا عش عش کر اٹھتا ہے اور دل کرتا ہے کہ ضیاء صاحب پڑھتے جائیں۔ آواز کے جادوگر ضیا محی الدین نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن مکمل کی، اس کے بعد علم وآگہی اور فن وآرٹ کی تلاش میں برطانیہ چلے گئے،جہاں وہ رائل اکیڈمی آف تھیٹر اینڈ آرٹس سے وابستہ ہو گئے۔ انھوں نے ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ کلاسیکل فلم لارنس آف عریبیہ میں بھی یادگار پرفارمنس دی۔ اس کے بعد انھوں نے ہالی ووڈ کی بہت سی فلموں میں کام کیا اور فلم بینوں سے خوب داد سمیٹی۔ انھوں نے کچھ پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا لیکن انڈسٹری کے کام اور ماحول کی وجہ سے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔ پی ٹی وی پر انھوں نے مشہور زمانہ ’ضیاء محی الدین شو‘ کیا، جس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ انھیں حکومت پاکستان کی جانب سے 2003ء میں ستارہ امتیاز جبکہ 2012ء میں ہلال امتیاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
حریم فاروق
آجکل شوبز انڈسٹری میں حریم فاروق کے بڑے چرچے ہیں۔ 26مئی 1989ء کو اسلام آبادمیں پیدا ہونے والی اس خوبصورت اداکارہ نے اے لیول کرنے کے دوران تھیٹر میں حصہ لینا شروع کیا ، جس کے بعد اداکاری کو بطور کیریئر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا، اس کے لیے انھیں والدین کی حمایت بھی حاصل تھی۔ 2013ء میں حریم شوبز انڈسٹری میں جلوہ گر ہوئیں اوربہت سی فلموں اور ڈارموں میں اپنی اداکاری کی دھاک بٹھا دی۔ ان کی نئی آنے والی فلم’’ہیر مان جا‘‘ جیوفلمز کے اشتراک سے رواں سال عید الاضحی پر ریلیز کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر فلم کے ٹیزر کو اب تک 15لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
عینی جعفری
9جون1981ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی عینی جعفری نے زیادہ عرصہ ملک سے باہر گزارا ہے اور انھوں نے کینیڈا کی میک گِل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ عینی نےاپنے فنی کیریئر کا آغازجیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’’زپ بس چپ رہو‘‘ سے کیا۔ انھوں نے 2013ء میں بڑی اسکرین کیلئے ڈیبیو کیا، ان کی ڈیبیو فلم باکس آفس پر کامیاب رہی، جس میں ان کی پرفارمنس کو بھی سراہا گیا۔ انھیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا لیکن دیر سے اداکاری میں کیریئر کا آغاز کرنے کی وجہ ان کی تعلیم تھی۔ عینی ماڈلنگ کی دنیا میں بھی نام کما چکی ہیں اور 2010ء کی بہترین اُبھرتی ہوئی ماڈل کا اعزاز بھی اپنے پاس رکھتی ہیں۔
کبریٰ خان
شوبز انڈسٹری کو کبریٰ خان کی صورت میں ایک باصلاحیت اداکارہ ملی ہے۔ روایتی کردار ہو یا ماڈرن، قبائلی ہو یا شہری، وہ ہر کردار کے رنگ میں رنگ کر اداکاری کرتی ہیں۔ کبریٰ خان نے جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے ’ خدا ا ورمحبت ـ‘میں کام کرکے لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔ 14جون 1993ء کو ملتان میں پیدا ہونے والی کبریٰ کا اصل نام رابعہ خان ہے اور وہ لندن میں پلی بڑھی ہیں۔ انھوں نے شوبزکی دنیا میں قدم رکھا تو شروعات ماڈلنگ سے کی، لیکن پھر مختلف گلوکاروں کے گانے کی ویڈیوز میں ماڈلنگ کے ذریعے انھیں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔ انھوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز2014ء میں فلم سے کیا اور اس کے بعد ٹی وی ڈراموں میں نظر آنا شروع ہوئیں۔
انجلینا جولی
دنیا بھر میں کروڑوں دلوں کی دھڑکن سمجھی جانے والی ہالی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ و ہدایتکارہ اور سماجی کارکن انجلینا جولی 4جون 1975ء کو لاس اینجلس (امریکا) میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے کئی بلاک بسٹر فلموں میں اپنی بہترین اداکاری سے لوگوں کو محظوظ کیا، ساتھ ہی اکیڈمی ایوارڈ، اسکرین ایکٹرز گِلڈ ایوارڈ اور گولڈن گلوب ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔ 2015ء میں ایک امریکی سروے میں انجلینا جولی کو دنیا کی بہترین فیشن آئیکون قرار دیا گیا تھا۔ معروف ہالی ووڈ اداکارہ اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر بھی ہیں، وہ خواتین کے لیے بڑھ چڑھ کر فلاحی کام کرتی ہیں۔ انجلینا پاکستان کا دورہ بھی کرچکی ہیں۔
نکول کڈ مین
20جون 1967ء کو ہوائی (امریکا) میں پیدا ہونے والی مشہورو معروف اداکارہ اورفیشن ماڈل نکول کڈمین اپنی 52ویں سالگرہ منائیںگی۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں۔ نکول کا فلمی دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شمار ہوتا ہے۔ نکول کڈمین نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1989ء میں سنسنی خیز فلمDead Calmکے ذریعے کیا تھا۔ ’دی آورز‘ میں اداکاری پرنکول کو کئی معروف فلمی اعزازات سے نوازا گیا ،جس میں بہترین اداکارہ کے لیے اکیڈمی ایوارڈ، بافٹا ایوارڈ اور گولڈن گلوب ایوارڈ شامل ہیں۔
جونی ڈیپ
9جون1963ء کو کینٹکی (امریکا) میں پیدا ہونے والے ہالی ووڈ سپر اسٹار جونی ڈیپ کو کون نہیں جانتا۔ 1980ء میں ٹی وی سیریز کے ذریعے منظر عام پر آنے والے جونی ڈیپ اپنے فلمی کیریئر میں بہترین اداکاری پر گولڈن گلوب ایوارڈ، اسکرین ایکٹرز گِلڈ ایوارڈ اور پیپلز چوائس ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہونے پر 2012ء میں ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار نبھانے والے اداکار جونی ڈیپ اداکار ہونے کے ساتھ پروڈیوسر اور موسیقار بھی ہیں۔
مارلن منرو
امریکا کی عالمی شہرت یافتہ خوبصورت ترین اداکارہ مارلن منرو یکم جون 1926ء کو لاس اینجلس (امریکا) میں پیدا ہوئیں۔ اپنی بے باک اداکاری اور خوبصورتی سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی مارلن منرو نے 1946ء میں اپنے شوبز کیریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا۔ بعدازاں انھوں نے اداکاری اور گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ اپنے دو رمیں مقبولیت کی بلندیوں کو چُھونے والی مارلن منرو کو بےشمار ایوارڈز سے نوازا گیا۔ان کی موت کے بعد انھیں ’’ہالی ووڈ واک آف فیم‘‘ کے اعزازسے بھی نوازا گیا۔