• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹبال ایڈمنسٹریٹر اور آرگنائزر رانا اشرف نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر فٹ بال کے فروغ کیلئے لیژر لیگز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور مختلف ٹیمیں بنا کر مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اس بات کا اظہار انہوں نے لیژر لیگز فٹ بال منیجر پاکستان ریاض احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

لیژر لیگز پاکستان کے 70سے زائد شہروں میں گراس روٹ لیول سے فٹبال کی ترقی کی کوششوں میں مصروف عمل ہے جہاں مقامی آرگنائزرز کے تعاون سے فٹبال کی سرگرمیوں کوجاری رکھا جارہا ہے، تاہم اب دیہی سطح پر بھی فیصل آباد، جڑانوالہ، سمندری اور شاہ کوٹ سے منسلک گاؤں میں بھی ٹورنامنٹ منعقد کئے جائیں گے۔

ریاض احمد نے رانا اشرف کو لیژر لیگز کی فٹبال کے فروغ کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا کی خواہش ہے کہ لیژر لیگز کا گراس روٹ لیول پر گاؤں، دیہات اور قصبوں میں بھی انعقاد ہو تاکہ یہاں کے کھلاڑیوں کو بھی شہری علاقوں کی طرح مراعات اور سہولیات حاصل ہوں۔

رانا اشرف نے بتایا کہ ہمارے ملک میں فٹبال کا سسٹم نہ ہونے کے باعث دیہی اور گاؤں کی سطح پر بہترین ٹیلنٹ ہونے کے باوجود منظر عام پر نہیں آرہا ہے لیکن لیثررلیگز کے اس پروگرام سے انہیں ان کے خوابوں کی تعبیر مل جائے گی۔

رانا اشرف نے بتایا کہ ہم نے گاؤں کی سطح پر اپنا اسٹرکچر بنایا ہوا ہے اور انٹر ولیج فٹبال ٹورنامنٹ کا فلڈ لائٹ میں انعقاد ہوتا ہے جس کیلئے ہم نے رائے انتخاب کو دیہی ایسوسی ایشن کا صدر بنایا ہوا ہے جو ہر طرح سے ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ہر سال 5تا6کھلاڑی محکماجاتی ٹیموں کو فراہم کرتے ہیں۔حال ہی میں ماشا یونائیٹڈ کے نام سے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جوپاکستان فٹبال فیڈریشن سے رجسٹرڈہے اوراس سال‘بی‘ ڈویژن لیگ میں بھی شرکت کرے گی۔اس سے پہلے بھٹی یونائیٹڈ اور پی ایم سی کی ٹیمیں ‘بی‘ ڈویژن لیگ کا حصہ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم لیژرلیگز کے فارمیٹ کے مطابق فیصل آباد سے منسلک مختلف گاؤں میں ٹیموں کی تشکیل کے بعد ان کی لیگز کرائیں گے۔ ہر گاؤں کی 2ٹاپ ٹیموں کو انٹرولیج ٹورنامنٹ میں شامل کرکے ایک بیسٹ ٹیم سامنے آئے گی جو فیصل آباد کی سٹی چمپئن سے مقابلہ کرے گی۔ بعدازاں فیصل آباد کی ایک ٹیم لیژرلیگز انٹرا سٹی چمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ انٹرا سٹی کی فاتح نیشنل چمپئن شپ اور نیشنل چمپئن شپ کی فاتح ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرے گی۔

رانا اشرف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اونچی فٹبال کھیلی جاتی ہے لیکن لیژرلیگز ایونٹ میں ٹیموں کی شرکت سے پنجاب کی فٹبال ٹیکنیکل اور اسکل فل ہوجائے گی کیونکہ اسمال سائیڈڈ فٹبال میں گراؤنڈ چھوٹا ہوتا ہے اور گیند کو نیچے رکھنے کے ساتھ شارٹ پاسز کا استعمال ہوتا ہے اور ڈی ایریا سے باہر کھلاڑی کو شوٹ کر گیند کو جال میں ڈالنا ہوتا ہے۔ مذکورہ تینوں چیزوں کی پریکٹس اور اس کے استعمال سے پنجاب کے کھلاڑیوں میں واضح تبدیلی آئے گی اور ان کے کھیل میں نکھار پیدا ہوگا۔

رانا اشرف کا کہنا تھا کہ میری خواہش کہ لیژرلیگز کے فروغ فٹبال کے اس شاندار پروگرام کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کی سرپرستی حاصل ہونا چاہئے تاکہ اس سسٹم کو قانونی حیثیت بھی حاصل ہو اور پورے سال اسطرح کے ایونٹ تواتر کے ساتھ ملک بھر میں آرگنائز ہوتے رہیں۔

تازہ ترین