رانی پور، اسلام آباد(صباح نیوز، ٹی وی رپورٹ) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا وقت ختم ہوچکا، مزید وقت نہیں دے سکتے۔ جبکہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں اتنی تیزی سے کوئی حکومت نیچے نہیں گئی جتنا موجودہ پی ٹی آئی حکومت گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے انتخابات کرانا ہونگے، ملکی مسائل کے حل کیلئے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ سید خورشید شاہ نے رانی پور میں درگا ہ غوثیہ دستگیر کے سجادہ نشین پیر غلام غوث شاہ جیلانی سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افطار پارٹیوں میں سیاستدانوں کا ملنا ہوتا رہتا ہے، مگر اس افطار پارٹی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سے حکومت نہیں چل سکتی، اس لیے اپنے وزرا ہٹاکرمشرف کے وزرا رکھ لئے گئے، عید کے بعد اس یوٹرن پر حکومت کیخلاف لائحہ عمل تیار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا وقت ختم ہوچکا، مزید وقت نہیں دے سکتے۔دوسری جانب ایک انٹرویو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی ویڈیو لیک کے معاملہ پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی بنائے جائے۔