• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیم جعفر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی چیف مقرر کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے باسط علی کی جگہ ماضی کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر سلیم جعفر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے جبکہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں آف اسپنر ارشد خان،ٹیسٹ اوپنر توفیق عمر اور کوئٹہ کے شعیب خان شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم جعفر اور پی سی بی میں معاملات طے پا گئے ہیں اور اس بارے میں اعلان جلد متوقع ہے۔سلیم جعفر اس سے قبل قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور ریجنل کوچ رہ چکے ہیں۔

ان کی کوچنگ میں حبیب بینک نے گذشتہ سیزن میں قائد اعظم ٹرافی اور قومی ون ڈے ٹورنامنٹ جیتا تھا۔لیکن حبیب بینک کرکٹ ٹیم کے اچانک بند ہونے سے سلیم جعفر کو بھی ملازمت سے محروم ہونا پڑا تھا۔

سلیم جعفر لو پروفائل میں رھنے والے قابل کوچز میں شامل ہیں۔گذشتہ ماہ پی سی بی نے معاہدہ ختم ہونے کے بعد باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے معاہدے کی تجدید نہیں کی تھی۔

پی سی بی نئی تنخواہ دار سلیکشن کمیٹی کو تین سال کے لئے معاہدہ دینا چاہتا ہے۔جو نیئر سلیکشن کمیٹی کا سب سے بڑا ٹاسک آئندہ سال جنوبی افریقا میں ہونے والے انڈر19ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کا انتخاب کرنا ہے۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ساتھ پی سی بی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاش میں سرگرداں ہے۔یونس خان اور مصباح الحق کے انکار کے بعد پی سی بی کو کسی اور کوچ کی تلاش ہے۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سنیئر سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد پندرہ جولائی کو ختم ہورہی ہے۔تاہم نئی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کے لئے سابق کپتان عامر سہیل مضبوط امیدوار ہیں۔پی سی بی حکام عامر سہیل کو نئی ذمے داری دینے کے لئے غور کررہے ہیں۔

تازہ ترین