• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہانیہ عامر نے وائرل انسٹا پوسٹ کو جعلی اور من گھڑت قرار دے دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ہانیہ عامر نے بھارتی پروپیگنڈے پر لب کشائی کرتے ہوئے وائرل انسٹا گرام پوسٹ کو جعلی اور من گھڑت قرار دے دیا۔

 پاکستان کی معروف اداکارہ، ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار ہانیہ عامر نے خود سے منسوب جعلی انسٹاگرام پوسٹ پر خاموشی توڑتے ہوئے دو ٹوک اور باوقار مؤقف پیش کیا ہے۔

پاکستان کے خلاف جعلی سوشل میڈیا پوسٹ پر ہانیہ عامر کے نام سے وائرل ہوئی، جس نے سرحد کے دونوں جانب عوام کو حیرت میں ڈال دیا لیکن اب ہانیہ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر اس معاملے کو واضح کر دیا ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ حال ہی میں میرے نام سے ایک بیان منسوب کیا جا رہا ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہا ہے، میں واضح طور پر کہتی ہوں کہ یہ بیان جھوٹا ہے، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں، نہ میں ایسی باتوں کی تائید کرتی ہوں اور نہ یہ میرے نظریات کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت حساس اور دکھ بھرا وقت ہے، اس کو سیاسی رنگ دینا اور الزامات کی سیاست کرنا صرف نفرت کو بڑھاتا ہے، ہمیں ہمدردی، انصاف اور شفاء کی طرف بڑھنا ہوگا۔

ہانیہ نے کہا کہ کسی پر بنا ثبوت کے الزام لگانا صرف پھوٹ ڈالنا ہے۔

مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ کی محبت میرے لیے بہت اہم ہے میں آپ سب سے بہت پیار سے کہہ رہی ہوں کہ کسی بھی پوسٹ کو شیئر کرنے سے پہلے ایک بار سچائی کو جانچ لیں۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 بھارتی سیاح مارے گئے تھے اور بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا۔ 

یہی نہیں بلکہ اس کے بعد بھارت نے سخت اقدامات کے طور پر  پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگادی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید