قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید آمنے سامنے آگئے۔
قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی ہنگامہ ہوگیا، خواجہ آصف کو فلور ملنے پر حکومتی ارکان نے احتجاج کیا، اپنے خطاب میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ جس شخص نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا آج وہ جیل میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم تکبیر پر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے،جس نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل کی وہ آج کوٹ لکھپت جیل میں ہے۔
خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کو یاد کرنے کا دن ہے،ایک منتخب وزیراعظم جیل میں ہے اور ایک پھانسی چڑھ گیا۔
مراد سعید نے ن لیگی رہنما کی تقریر کے جواب میں کہا کہ اگر کوئی جیل میں ہے تو اپنی کرپشن کی وجہ سے ہے،ایٹمی دھماکے کی وجہ سے نہیں،آپ کو تو شکر ادا کرنا چاہیے کہ پہلی بار نواز شریف پاکستان میں عید منائیں گے۔
وفاقی وزیر نے خواجہ محمد آصف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے پر آج نواز شریف کو نہیں بلکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یوم تکبیر پاکستانی سائنسدان کو یاد کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں ہم سن سن کر تھک گئے اور ہم ان کوبرداشت کرکے تھک گئےہیں، عوام 35 سال سے ان کو برداشت کرکے تھک گئے ہیں،جتنا یہ شور مچائیں گے میں اتنا بولوں گا۔
مراد سعید نےمزید کہا کہ آپ کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں،کوٹ لکھپت سے بھی چیخیں آرہی ہیں۔