• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، ایٹمی پروگرام کے معاملے پر خواجہ آصف اور مراد سعید میں تلخی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی لیڈرخواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ جس لیڈر نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اس کو پھانسی چڑھا دیا گیا اور جس شخص نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل کی وہ جیل میں ہے۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نےردعمل میں کہا کہ 28مئی میں ایٹمی قوت بنا اس پر آج ہمیں ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔اگر کوئی جیل میں ہے تو وہ ایٹم بم بنانے یا چلانے کی وجہ سے نہیں ہے وہ اپنی کرپشن کی وجہ سے جیل میں ہے،28 مئی کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت ہوا۔ خواجہ محمد آصف نےکہاکہ آج 28مئی ہے اور آج کے دن پاکستان ایٹمی قوت بنا، جس لیڈر نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اس کو پھانسی چڑھا دیا گیا اور جس شخص نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل کی وہ جیل میں ہے، ایٹمی قوت بننے سے پاکستان کا عالمی دنیا اوراسلامی دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا اور ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا، آج جیسے ہم دونوں لیڈروں کو یاد کر کے ووٹ کی عزت کو یاد کرتے ہیں جن کے ذریعے وہ کر وزیراعظم منتخب ہوئے، اگر آ ج ایٹمی قوت نہ ہوتی تو آج دشمن نے ملک کو گھیرا ہوا ہوتا، کتنے سنگین خطرات درپیش ہوتے ، انہوں نے کہاکہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کو یاد کرنے کا دن ہے، منتخب وزرائے اعظم نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، اگر جمہوریت چل رہی ہوتی تو ملک جمہوری اور معاشی طور پر ناقابل تسخیر بن چکا ہوتا، معاشی طور پر ہمیں غلام بنایا جا رہا ہے، جمہوریت اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنا ایوان کا اور ہمارا فرض ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نےکہا کہ 28مئی میں ایٹمی قوت بنا، آج ہمیں ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، پاکستان کو آج اندرونی اور بیرونی خطرات ہیں، اس کا مقابلہ کرنا ہے، پارلیمنٹ کو یک آواز ہونا چاہیے۔ اگر کوئی جیل میں ہے تو وہ ایٹم بم بنانے یا چلانے کی وجہ سے نہیں اپنی کرپشن کی وجہ سے جیل میں ہے ۔اگر کوئی ذاتی کرپشن پر جیل میں ہے تو اس کا 28مئی سے کیا تعلق؟اس کو کرپشن کا جواب دینا چاہیے۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت 30ہزار ارب تک قرضہ پہنچایا، یہ کہاں خرچ ہوا اس کا حساب دیں۔نواز شریف کے جیل میں ہونے سے ن لیگ کو تو خوش ہونا چاہیے پہلی بار آپکا لیڈر ملک میں عید منائےگا۔عمران خان کا شکریہ ادا کریں نواز شریف عید پاکستان میں منارہے ہیں۔شہباز شریف35سال حکومت کرنے کے بعد بھی کوئی ایسا ہسپتال نہیں بنا سکے کہ جہاں پر علاج کرا سکیں،آج شہداءکو یاد رکھیں جنہوں نے دفاع پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں،اپوزیشن کی چیخیں سن رہے ہیں، کوٹ لکھپت سے بھی چیخیں آرہی ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکال رہے ہیں۔وفاقی وزیر ریاست و سرحدی امور شہریار آفریدی نے واضح کیا ہے کہ جو بھی قومی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کرے گا اسے سزا ملے گی، آئین کے تحت عدلیہ اورقومی سلامتی کے اداروں کیخلاف بات نہیں ہوسکتی، یہ آئین سب جماعتوں کے اتفاق رائے سے بنایا گیا ہے، قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کئی ایک اقدامات کیے گئے ، محسن داوڑ اور علی وزیر خان سے بھی حکومت نے رابطہ کرکے ان کی شکایات اور مطالبات سے آگاہی کی۔دھرتی ماں کے حوالے سے میرا سگا باپ بھی چیلنج کرے گا تو دھرتی ماں کے دفاع کیلئے اپنا سرکٹوانے سے بھی گریز نہیں کروں گا۔اجلاس میں دو دن کا وقفہ ہوگا، بدھ، جمعرات کو اجلاس نہیں ہوں گے۔قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کی جانب سے خواجہ آصف کو فلور ملنے پر حکومتی ارکا ن اور وفاقی وزیر مراد سعید کو بولنے کا موقع دینے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا ۔منگل کو قومی اسمبلی اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر کی جانب سے مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف کو فلور دینے پر حکومتی ارکان نے احتجاج کیا ۔بعد ازاں خواجہ آصف کے بعد ڈپٹی سپیکر کی جانب سے وفاقی وزیر مراد سعید کو بولنے کاموقع دیا جس پر (ن )لیگی رکن کھیئل داس اور دیگر ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر احتجاج کرنا شروع کر دیا ۔ مراد سعید نے کہاکہ چیخیں نہ، یہ چیخیں کوٹ لکھپت جیل سے بھی آرہی ہیں۔ اگر یہ سن سن کر تھک گئے ہیں تو ہم سہہ سہہ کر تھک چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ جتنا شور کرینگے، میں اتنا اچھے انداز میں بولوں گا، آرام سے سنیں۔قبل ازیں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے کہا کہ فاٹا ، وزیرستان اور بلوچستان کے مسلے پر ایوان میں سیر حاصل بحث کرائی جائے اور پارلیمانی کمیشن تشکیل دیا جائے جو ان معاملات کی چھان بین کرے۔انہوں نے کہا کہ 28مئی 1998کو جب ایٹمی دھماکے ہوئے اس وقت میں وزیراعلی ٰ بلوچستان تھا اس وقت کی مسلم لیگ ن کی حکومت نےچاغی میں ایٹمی دھماکے کرنے پر اعتماد میں نہیں لیاجس پر احتجاج بھی کیا گیا تھا بعد میں میاں نواز شریف نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوئی کہ اعتمادمیں نہیں لیا۔

تازہ ترین