• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں ایک شخص نے اپنے گھر میں ’ببرشیر‘ پال لیا جس کے ساتھ گھر کے فرد کی طرح سلوک کیا جاتا ہے، وہ ایک الگ ائیر کنڈیشن بیڈ روم میں رہتا ہے اور روز 7 کلو گوشت سے اُس کی تواضع کی جاتی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق زلکیف چوہدری نامی ایک 33 سالہ شخص نے اپنے گھر میں ’ببر‘ نامی شیر پال رکھا ہے، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اُنہیں بچپن سےہی شیر پالنے کا بے حد شوق تھا، یہ شوق اُن میں اینی میٹیڈ فلم ’لائن کنگ‘ دیکھنے کے بعد پیدا ہوا۔

ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے زلکیف نے بتایا کہ ملتان میں اُن کا اپنا ایک ریسٹورنٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ قبل وہ ایک 2ماہ کا شیر کا بچہ خرید کر لائے تھے، جس کے بعد انہوں نے متعلقہ حکام سے اُسے اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت لی اور اب ببر اُن کے ساتھ ہی رہتا ہے۔

ببر شیر کا وزن 168 پائونڈ ہےاور روزانہ 7 کلو گوشت سے اُس کی تواضع کی جاتی ہے۔ ببر اپنے مالک کے گھر بغیر زنجیر کے رہتا ہے، اُس کے لیے گھر میں ایک شاندار ’اے سی‘ والا کمرہ مخصوص ہے جہاں وہ سوتا اور کھانا کھاتا ہے۔

زلکیف چوہدری نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں کبھی بھی ڈر نہیں لگا کہ ببر اُن پر یا گھرکے کسی فرد پر حملہ کردےگا بلکہ اُن کے بچے اکثر ببر کے ساتھ کھیلتے بھی ہیں۔

اس کے علاوہ زلکیف نے بتایا کہ وہ بالکل اپنے بچوں کی طرح ببر سے محبت کرتے ہیں، روزانہ صبح و شام اس کےساتھ سیر پر جاتے ہیں اور ایک پالتو ڈوگی کی طرح اس کا خیال رکھتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ببر اب ایک اسٹار بن چکا ہے جس سے ملنے اور تصاویر بنوانے دور دور سے اُن کے رشتہ دار اور پڑوسی آتے ہیں۔

تازہ ترین