اسلام آباد.....وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنرل مشرف جن عدالتوں کو بوٹوں تلے روندتے تھے انہی عدالتوں کے آگے سرنڈر کیا،جنرل مشرف کو نہ جانے دیتے تو تنقید کرنے والے ہمیں کہتے کہ حکومت اپنی ضد اور انتقام کو آگے لائی،وہ سنگدل اور ظالم ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ڈکٹیٹر کو آئین توڑنے کے جرم میں عدالتی کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، حیلوں بہانوں سے اسپتالوں میں چھپنے والے مشرف کو عدالت میں پیش ہو نا پڑا ۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اب اگر عدالت نے انہیں رعایت دی ہے، تو ہمارے پواس دو راستے تھے، نہ جانے دیتے توظالم، اب جانے دئے ہے تو اعتراض کیا جارہا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ جنرل مشرف تو ملک میں شہزادوں کی طرح رہے ، ہمارے سروں پر تو انہوں نے دہشتگردوں والے ہڈ بھی پہنائے،ان میں خوداتنی اخلاقی جرات ہونی چاہئے تھی کہ ملک کے اندر رہتے اور مقدمات کا سامنا کرتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مشرف سے بہت بڑا ہے ہم ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، پرویز مشرف بلوچستان اور فاٹا سمیت پاکستان میں کیئے گئے گناہوں کی پکڑ میں آئیں گے ۔