لاہور(خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ساہیوال کے ہسپتال میں نومولود بچوں کی موت دل ہلا دینے والا واقعہ ظلم ہے جس کا سبب مجرمانہ غفلت ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے بیان میں مریم نواز نے کہاکہ اپنی ذمہ داریوں سے غافل نا اہل حکمرانوں کو کون جھنجھوڑے اور بتائے کہ ساہیوال کے ہسپتال میں ہونے والی اموات کے ذمہ داروہ ہیں اور اس غفلت کا جواب ان کو دنیا اور آخرت دونوں میں دینا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری خرچ پر عمرہ میں مصروف جعلی حکمرانوں کو اس وقت دل خراش واقعے پر یہاں موجود ہونا چاہیے تھا ۔کہا جارہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد پانچ سے کہیں زیاد ہے مگر چھپایا جارہا ہے ۔ کیا حکمرانوں کی اپنی کوئی اولاد نہیں ہے ؟اگر ہے تو آپ کا احساس کہاں سویا ہوا ہے ؟