• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: انجکشن سے بچی کا انتقال، قاتل گرفتار، 2 زخمی، مظاہرہ

کراچی کے علاقے نیو کراچی کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگائے جانے سے ایک بچی انتقال کر گئی، طبی عملے کی مبینہ غفلت پر علاقے کے لوگوں نے احتجاج کیا۔

ابراہیم حیدری میں 12 سال کے بچے کا قاتل اس کا پڑوسی نکلا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، فیڈرل بی ایریا جوہر آباد میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے، گلستان جوہر کے پرفیوم چوک پر لوگوں نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

نیو کراچی کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگانے سے دو سال کی بچی جاں بحق ہوگئ، بچی کی موت پر علاقہ مکینوں نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا، جس کی وجہ سے عملہ اسپتال چھوڑ کر چلا گیا۔

پولیس کے مطابق اسے واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا سے ملی،پولیس اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کو پوچھ گچھ کے لیے اپنے ساتھ لے گئی ہے، تاہم اہل خانہ نے واقعے سے متعلق پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔

ادھر ابراہیم حیدری میں پولیس نے ایک 12 سالہ بچے کے قتل میں ملوث ملزم کو بلوچ آباد سے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار ملزم رشید اللہ مقتول ارمان صالح کا محلے دار ہے، جس نے بچے کو گلا گھونٹ کر قتل کیا تھا، ملزم نے مقتول کے بڑے بھائی سے بدلہ لینے کے لیے بچے کو قتل کیا۔

فیڈرل بی ایریا کے علاقے جوہر آباد میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔

گلستانِ جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب علاقہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا۔

مظاہرے کے باعث جوہر چورنگی سے جوہر موڑ تک ٹریفک معطل ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

پولیس اور رینجرز سے مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔

تازہ ترین