• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوبصورت لباس کے ساتھ موزوں لوازمات (Accessories)کا ہونا بھی ضروری ہے۔ ان لوازمات میں دیدہ زیب جیولری، سن گلاسز، جوتے یا سینڈل وغیرہ سب ہی آجاتے ہیں۔ اکثر خواتین کچھ لوازمات کو خاص اور اہم تقریبات کے لیے مخصوص کردیتی ہیں جبکہ دیگر عموماً ہر تقریب میں ہی انہیں پہن کر جلوے بکھیرتی نظر آتی ہیں۔ خاص اور منفرد لوازمات آپ کو فیشنسٹا یافیشن آئیکون بناتے ہیں۔ یہی صورتحال ہالی ووڈ کی معروف ترین سیلیبرٹیز کی بھی ہے، حتٰی کہ کچھ سیلیبرٹیز اب دنیا میں نہیں ہیں مگر ان کا اسٹائل اور فیشن ایسیسریز آج بھی مداحوں میں مقبول ہیں۔ آئیے چند ایسی ہی سیلیبرٹیز کی ٹریڈمارک ایسیسریز(Trademark Accessories)کا ذکر کرتے ہیں، جو کہ ان مشہور شخصیات کی پہچان بن گئیں اور برسوں بعد بھی لوگ انہیں اس حوالے سے یاد رکھے ہوئے ہیں۔

 تاج ، لیڈی ڈیانا

برطانوی شہزادی ڈیانا کو اپنے زمانے کی فیشن آئیکون کہا جاتا تھا۔ اگر لیڈی ڈیانا کے زیورات کی بات کریں تو ان کے زیر استعمال کئی زیورات تھے، جن میں سب سے زیادہ مشہور ڈیانا کاتاج تھا۔ ویسے تو شہزادی کے پاس بہت سے تاج تھے، جنہیں وہ اکثر وبیشتر تقریبات میں بدل بدل کر پہنا کرتی تھیں لیکن انہی تاج میں سے ایک ڈیانا کا سب سے زیادہ پسندیدہ تھا۔ ڈیانا نے پہلی بار اس تاج کو 1981ء میں شہزادہ چارلس سے شادی کے بعد پہنا تھا۔ نوک دار، ڈائمنڈ جڑا یہ تاج بعدمیں لیڈی ڈیانا کی پہچان بن گیااور اتنا مقبول ہوا کہ ان کی وفات کے بعد بھی آج تک ان سے منسوب ہے۔

موتیوں کا ہار ، کوکو چینل

فرینچ فیشن ڈیزائنر اور بزنس وومن کوکو چینل کو کون نہیں جانتا۔ کوکو کی ڈیزائننگ سادہ ہونے کے باوجود کلاسیکل تھی، جسےان کے مداح آج تک نہیں بھول پاتے۔ کوکو نے ان خو اتین کے لیے برسہا برس پہلے آرٹیفیشل اور فرینچ جیولری متعارف کروائی ،جو سونے اور ہیرے کی جیولری نہیں خرید سکتی تھیں۔ کوکو کے اپنے ڈریسنگ اسٹائل کی بات کی جائے تو ان کی جو چیز سب سے زیادہ مشہورہوئی، وہ ان کے گلے میں موتیوں کا خوبصورت ہار تھا۔ یہ ہار ہمیشہ کوکو کی ڈریسنگ کا لازمی حصہ ہوتا تھا۔ یہ کئی لڑیوں میں آگے اور پیچھے کی جانب پھیلا ہوتا تھا۔

جیولری، ایلزبتھ ٹیلر

ہالی ووڈ کی ممتاز اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر کا شمار فیشن آئیکون سیلیبرٹیز میں کیا جاتا ہے۔ ایلز بتھ کےاس دنیا سے چلے جانے کے برسوں بعد ان کا عروسی جوڑا 21 ہزار 875 برطانوی پاونڈ میں فروخت کیا گیا۔ یہی نہیں، ایلزبتھ کی جیولری کلیکشن بھی حیران کن تھی جو کہ ان کی منفرد پہچان بنی۔ اس جیولری میں ڈائمنڈ اورایمرالڈ کے خوبصورت پیسز موجود ہوتے تھے۔ ایک برطانوی رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ اداکارہ ایلز بتھ ٹیلرکی جیولری نیلامی کے دوران 116ملین امریکی ڈالر میں فروخت کی گئی۔ اس جیولری میں سب سے خاص ،بلغاری ڈائمنڈ جڑا جیولری سیٹ اور ایمرالڈ پیسز تھے، جو ایلزبتھ کو معروف اداکارہ کو رچرڈ برٹن کی جانب سے بطور تحفہ دیے گئے تھے۔

سفید دستانے، مائیکل جیکسن

امریکی گلوکار مائیکل جیکسن نہ صرف اپنی آواز کے ذریعے مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے تھے بلکہ وہ نت نئے اور منفرد فیشن اسٹائل کی بدولت بھی خاصے مقبول تھے۔ مائیکل جیکسن کی فیشن ایسیسریز میں سے ایک ان کے سفید دستانے بھی تھے، جنھیںمعروف پاپ اسٹار، کنسرٹ کے علاوہ دیگر تقریبات میں پہنا کرتے تھے۔ ان کو پہننے کی ایک خاص وجہ یہ تھی کہ مائیکل 150سال جینا چاہتے تھے، اسی لیے وہ اپنا ضرورت سے زیادہ خیال رکھا کرتے تھے۔ دوسروں سے ہاتھ ملاتے وقت یا کنسرٹ میں وائرس اور بیکٹیریا سے محفوظ رہنے کے لیے مائیکل یہ دستانے پہنا کرتے تھے، ان کی وفات کے بعد ان کے دستانوں کا ایک سیٹ3لاکھ 50ہزار ڈالر میں نیلام کیا گیا۔

فَر والی شال، مارلن منرو

معروف اداکارہ مارلن منرو کاشمار ہالی ووڈ کی نامی گرامی اداکاراؤں میںکیا جاتاہے۔ ان کا ایک بار پہنا ہوا لباس نیلامی کے دوران 48لاکھ ڈالرز میںفروخت ہوا۔ یہ لباس مارلن منرو نے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ پر پہنا تھا ۔ اس لباس کے علاوہ مارلن منروکی سفید سلک گاؤن پر پہنی فر(fur) والی شال بھی، ہالی ووڈ کی آئیکونک ایسیسریز میں شمار کی جاتی ہے۔ اس شال کو مارلن منرو نے 1953ء اور 1955ء میں اپنی فلموں کی شوٹنگ کے دوران زیب تن کیا تھا۔ یہی نہیں، اس شال کو انھوں نے میگزین ایوارڈ کی تقریب میں بھی پہنا۔ یہ شال ٹرپل پلیٹڈ آئیوری سلک لائننگ کی ہے،جو برسوں بعد بھی اسی طرح مقبول ہے۔

 فلیٹ شوز، آڈرے ہیپ برن

ہالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ آڈرے ہیپ برن کلاسیکل اسٹائل کے سبب اپنی وفات کے برسوں بعد بھی مشہور ہیں۔آڈرے کا لباس ہو ان کے فیشن اسٹائل ، مداحوں میں جلد ہی مقبول ہوجاتے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کے خوبصورت اور اسٹائلش لُک میں سب سے زیادہ مشہور چیز کیا تھی ؟ ان کے کالے رنگ کے سادہ سے فلیٹ شوز کافی مقبول ہوئے۔ ہیپ برن اسکرین پر ہوتیں یا پردے کے پیچھے، انھیں سیاہ رنگ کے فلیٹ اسٹائل شوز میں اکثروبیشتر خوبصورت سے اسٹائل کے ساتھ دیکھا جاتا تھا۔آڈرے ہیپ برن اپنے کئی فوٹو شوٹ میں یہی شوز پہنے دکھائی دیتی ہیں۔

تازہ ترین