وزیراعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان بالخصوص سندھ کے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ایک خوشیوں کا تہوار ہے اور مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی جانب سے خوشیوں کا یہ تہوار ایک انمول تحفہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں یاد رکھنا چاہیے، سندھ حکومت کی جانب سے کئے گئے بہتر انتظامات کے پیش نظر تجارتی مراکز کی رونقوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوا ہے اور لوگوں نے بڑھ چڑھ کر عید کی تیاریاں کیں۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کئے گئے بہترین اقدامات پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔انھوں نے صوبائی کابینہ کے اراکین اورممبران صوبائی اسمبلی کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں میں عید کے تہوار کی خوشیوں میں ضرورتمندوں اور غریب افراد کو شامل کریں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں۔
انکا کہناتھا کہ ہماری پارٹی کا منشور بھی غریب عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا تدارک کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہم سب ملکر پاکستان بالخصوص سندھ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عہد کرنا ہوگا۔