لاڑکانہ(این این آئی) سانگی برادی کے دو گروپوں میں پلاٹ کی ملکیت کی دیرینہ دشمنی کے باعث گھات لگا کر بیٹھے ایک گروہ کے افراد کی فائرنگ سے چچا، بھتیجا اور راہ گیر جاں بحق، واقعے کے بعد فریقین مورچہ بند ہو گئے مخالفین کے دو گھر اور بھینسوں کے باڑے کو بھی نذر آتش کردیا گیا، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی گاؤں کا گھیراؤ کر لیا گیا، مقتول کے ورثا کے لاش ایس ایس پی چوک پر رکھ کر دھرنا، پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی، واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے حیدری تھانہ کی حدود عاقل روڈ پر گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار چچا بھتیجا ایاز اور سجاد سانگی اور ایک راہ گیر نوجوان حفیظ گاد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ مسلح افراد دن دہاڑے تین افراد کو قتل کرنے کے بعد باآسانی فرار ہو گئے، متعلقہ تھانہ کی پولیس نے لاشیں اسپتال پہنچانا چاہیں تاہم فریقین مورچہ بند ہو کر فائرنگ کرتے رہے اور ایک فریق نے مخالف فریق کے دو گھروں اور بھینسوں کے باڑے کو بھی آگ لگا دی۔ سنگین صورتحال کے پیش نظر رینجرز اور دیگر تھانوں کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاؤں کا گھیراؤ کیا۔ واقعہ کے بعد علاقہ میدان جنگ بنا رہا اور گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ بعد ازاں ورثا نے لاشیں ایس ایس پی چوک پر رکھ کر دھرنا دیا اورمطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔