پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کہتے ہیں کہ اگر رقم کسی گنے والے کے اکاؤنٹ میں چلی گئی ہے تو اس میں آصف علی زرداری کا کیا قصور ہے، انہوں نےکیا بڑاجرم کر لیا ہے؟
آصف علی زرداری کی ضمانت کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ پتہ نہیں حکومت کیوں بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو عدالت کے باہر روک رہے ہیں، یہ کون سا طریقہ ہے، یہ کیسا قانون ہے؟
ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ شاید آصف زرداری کی ضمانت منسوخ ہو جائے تو انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
رحمان ملک نے جواب دیا کہ میں شاید پر یقین نہیں رکھتا، کس بات پر ضمانت کینسل کریں گے؟ 3 ارب روپے کی بات کرتے تھے اور اب 3 کروڑ کا ٹوٹل نکلا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ حکومت اتنی ڈری ہوئی کیوں ہے؟ تمام سینیٹرز اور ایم این ایز کو ہائی کورٹ کے باہر روک دیا گیا ہے، ریاست کے اندر ایک اور ریاست نہ بنائیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری اور بہن فریال تالپور کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے ہیں جہاں ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہو رہی ہے۔