• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری کی گرفتاری ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش،اپوزیشن

لاہور‘اسلام آباد(ایجنسیاں)اپوزیشن رہنماؤں نے کہاہے کہ ملک میں غریب اور امیر لوگوں کے لئے الگ اور وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کفالت کرنے والوں کے لئے الگ قانون ہے‘ اپوزیشن کے لیڈران کو چن چن کر گرفتار کرنے سے جعلی وزیر اعظم اس جواب سے نہیں بچ سکتے‘اس حکومت سے یہی امید تھی ‘گرفتاری سے انتقام کی بوآرہی ہے‘گرفتاری ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ان خیالات کا اظہار مریم نواز ‘ اسفندیارولی‘فضل الرحمان ‘خورشیدشاہ ودیگر نے آصف زرداری کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کیا۔اپنے ردعمل میں مریم نوازنے کہا ہے کہ پورے ملک کے غریب اور امیر لوگوں کے لئے الگ اور وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کفالت کرنے والوں کے لئے الگ قانون ہے۔پیر کوٹویٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے لیڈران کو چن چن کر گرفتار کرنے سے جعلی وزیر اعظم اس جواب سے نہیں بچ سکتے جو ان کو ہر حال میں دینا پڑے گا۔بتایا جائے کہ کیا ملک میں وزیراعظم کے امیر دوستوں کے لئے بھی کوئی قانون موجود ہے۔ سید خورشید شاہ کا کہناہے کہ دوسروں کے کیسز میں دوران تفتیش گرفتاری نہیں ہوئی‘اس حکومت سے یہی امید تھی ‘زرداری صاحب نے پہلے بھی گرفتاریوں کا ڈٹ کر سامنا کیا‘ انتقامی کارروائیوں سے پیپلزپارٹی کمزور نہیں ہوگی‘کٹھ پتلی حکومت کی چیرہ دستیوں کا مقابلہ کریں گے ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملک میں سول مارشل لاء ہے اور اپنے چہیتے کھلاڑی کے اقتدار کو دوام بخشنے کی خاطر وہ کچھ کیا گیا جس پر آج پاکستان کی دنیا کے سامنے جگ ہنسائی ہو رہی ہے‘ملک میں اداروں کا کردار مشکوک اور جانبدارانہ ہے ‘ چہیتے کھلاڑی کی راہ ہموار کرنے کی غرض سے اس کے راستے سے رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں اور سیاسی مخالفین کو یکے بعد دیگرے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، زرداری کی گرفتاری سے انتقام کی بو آ رہی ہے۔

تازہ ترین