• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کو گرفتار کرکے وفاق کو کمزور کیا گیا، چوہدری عبدالمجید

گلاسگو(طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ میں پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے آصف علی زرداری کی گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وفاق کی حامی ایک مضبوط پارٹی کو کمزرور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ پیپلزپارٹی سکاٹ لینڈ کے صدر چوہدری عبدالمجید، سینئر نائب صدر سید تنویر گیلانی، جنرل سیکرٹری سید اشفاق علی شاہ،یوتھ ونگ کے صدر قاسم حنیف کشمیر کمیٹی یورپ کے صدر سید خورشید بخاری، یو کے کے کو آرڈینیٹر سرور رانجھا، پیپلزپارٹی گلاسگو کے صدر مرزا طاہر بیگ، سینئر نائب صدر عنصر پوٹھی، جنرل سیکرٹری رضا شیخ اور انفارمیشن سیکرٹری حبیب احمد نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری پر تمام الزامات جھوٹے ہیں۔ 2008 میں صدر مملکت بننے کے بعد وہ کسی کاروباری سرگرمی میں ملوث نہیں رہے۔ در حقیقت حکومت بوکھلاگئی ہے وہ ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مہنگائی نے عوام کی زندگی دوبھر کررکھی ہے اور اب ایک خوفناک بجٹ آرہا ہے جس سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے زرداری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب کے یہ سارے اقدامات بد نیتی پر مبنی ہیں کیونکہ اس کیس میں چیئرمین نیب وارنٹ جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں رکھتے۔ متعلقہ عدالت کی طرف سے چارج شیٹ دینے سے قبل نیب کے پاس اختیار نہیں کہ وہ ملزم کو گرفتار کرسکے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ وہ آئندہ کے لئے پارٹی رہنمائوں کے احکامات کے منتظر ہیں۔
تازہ ترین