راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع راولپنڈی کے زیراہتمام سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ قیادت ضلعی صدر چوہدری ظہیر سلطان، ضلعی صدر شعبہ خواتین سمیرا گل، تحصیل صدر راجہ منصور اختر، سٹی صدر بابر جدون اور کینٹ کے صدر ملک ظہیر ارشد، ملک قاسم ادریس اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر سینئر رہنما رشید میر، اسد عباسی ایڈووکیٹ، راجہ الطاف، عذرا یونس، چوہدری بنارس، محمد شاہ، عمران شاہ، کامران کریم اور دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری ظہیر سلطان، سمیرا گل اور دیگر نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکن گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے‘ ملک میں یکطرفہ احتساب اور سیاسی انتقام کو نہیں مانتے۔ احتساب وہ کرے جس کے اپنے ہاتھ صاف ہوں۔ آصف علی زرداری نے پہلے بھی ساڑھے گیارہ سال بیگناہ جیل کاٹی‘ اب بھی سرخرو ہونگے۔